پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ قومی سیاسی قیادت کو گالیاں دینا ریاست مدینہ کی اخلاقیات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے گھبرانا نہیں ہے، جلسے میں گھبراہٹ ان کے چہرے سے جھلک رہی تھی۔
حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا تھا کہ لگ نہیں رہا تھا کہ وزیراعظم بول رہا ہے بلکہ لگ رہا تھا ایک خوف زدہ شخص چیخ رہا ہے کہ مجھے اور میری کرسی کو بچاؤ مولانا میرا پیچھا کررہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ کون مولانا ہے کون نہیں یہ فیصلہ اخلاقیات سے عاری شخص نہیں کرسکتا، تحریک عدم اعتماد سے آپ کا سیاسی جنازہ نکال کر سمندر برد کردیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میلسی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار ڈاکو ہمارے خلاف عدم اعتماد لارہے ہیں، جو بھی یہ کریں گے، اس کے لیے میں تیار ہوں، لیکن سوال پوچھتا ہوں کہ اگر آپ کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوئی تو پھر آپ اس کے لیے تیار ہیں جو میں آپ کے ساتھ کروں گا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کو ’فضلو‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کو کبھی مولانا نہیں کہوں گا، مولانا پڑھے لکھے لوگ ہوتے ہیں، جن کی ہم عزت کرتے ہیں۔
Comments are closed.