وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سیاست میں خرید و فروخت کے ماسٹر مائنڈ عمران خان ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے عمران خان کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ہارس ٹریڈر عمران خان دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ خریدنے والے عمران خان دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں، پیسے دیتے خود پکڑے جائیں، الزام دوسروں پر لگا دیں۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ عمران خان دوسروں پر بے بنیاد الزام اور تہمت لگانا بند کریں، 2018ء کے ووٹ چور دوسروں پر کس منہ سے الزام لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے خیبر پختون خوا کے الیکشن میں لوگوں کو خریدا، جس کے ویڈیو ثبوت ہیں، گلگت بلتستان کے الیکشن میں کھلے عام پیسے بانٹتے پکڑے گئے، اس کی بھی ویڈیوز موجود ہیں، انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن میں وفاداریاں اور ضمیر خریدے۔
رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن میں پیسے بانٹتے عمران خان پکڑے گئے، انہوں نے ارکان کی وفاداریاں خریدیں، جہاز بھر بھر کر ارکان کی خرید و فروخت کرتے پکڑے گئے، الزام لگانے سے اور جھوٹ بولنے سے تمہارا سیاہ دھندا چھپ نہیں سکتا۔
Comments are closed.