پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پنجاب کے سینئر رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کی الیکشن سے راہ فرار سمجھ سے بالا تر ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی بروقت الیکشن کے انعقاد کےلیے کارکنوں کو تیار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مثبت جدوجہد کی اور ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کےلیے کام کیا ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ہر جماعت الیکشن کے نیتجے میں پارلیمنٹ جانا اور حکومت بنانا چاہتی ہے، سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت الیکشن سے راہ فرار اختیار کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر آپ انتخاب کا حصہ نہیں بنتے تو تمام جدوجہد، کوششیں اور قربانیاں ضائع ہوجاتی ہیں، پیپلز پارٹی نے 85ء میں انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔
حسن مرتضیٰ نے یہ بھی کہا کہ بائیکاٹ کے نتیجے میں غیر جمہوری رویے سیاست میں آئے۔ انہوں نے بنیادی طور پر سیاست کو کمرشلائز کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے ہم مثبت جدوجہد سے مثبت نتائج حاصل کرسکیں گے۔ جب مردم شماری کے نتائج پیش کیے گئے تو پیپلز پارٹی کے وفد نے احسن اقبال کو مبارکباد دی۔
پی پی پنجاب کے سینئر رہنما نے کہا کہ آج احسن اقبال کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے یہ کہا وہ کہا، ہم بروقت الیکشن کرا سکتے ہیں، ہم نے نئی مردم شماری کی منظوری دی لیکن اس میں حلقہ بندیاں ضروری نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیٹیں نہیں بڑھتیں تو نئی حلقہ بندی کی ضرورت نہیں۔ اب 90 دن میں الیکشن ہونے ضروری ہیں، ہم چاہتے ہیں 90 دن میں الیکشن کرائے جائیں اس میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کا جینا اجیرن کر دیا ہے، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، واحد حل الیکشن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جمہوری اداروں، جمہوری لوگوں کا کام ہے، کسی کو بھی الیکشن سے فرار اختیار کرنا ہے تو شاید اپنی کارکردگی کی بنیاد پر فرار اختیار کر رہا ہو۔
پی پی رہنما نے کہا کہ لوگوں کا امن تباہ کرنے کی بجائے عوامی مسائل حل کرنے چاہئیں۔
Comments are closed.