ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ نئے بلدیاتی ایکٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ خود ان سے بات کریں، سیاسی جماعتوں سے بات کرکے نیا بلدیاتی قانون بنایا جائے۔
کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر پر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے نئے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، رہنما ایم کیو ایم وسیم اختر کا کہنا ہے کہ جب تک وزیراعلیٰ سندھ اپنی ٹیم کے ساتھ آکر ہم سے بات نہیں کریں گے ہمارا احتجاج جاری رہےگا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنونیئر ایم کیو ایم پاکستان وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی نا انصافیوں کے خلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کی مگر ہماری آواز کہیں نہیں سنی جارہی۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ شہر ملک کو 70 فیصد اور سندھ کو 95فیصد ریونیو دیتا ہے، اس مسئلے پر سندھ کی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہم سندھ میں رہنے والے تمام باشندوں کے حق کے لئے بات کر رہے ہیں، سندھ میں صحت کی سہولیات اور پانی دستیاب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری پٹیشنز عدالتوں میں سسک رہی ہیں، اب ہم جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔
اس موقع پر مظاہرین نے کورنگی روڈ پر عارضی دھرنا بھی دیا۔
Comments are closed.