پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے موجودہ حکمرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو نظر آ گیا ہے کہ سیاست میں عمران خان کا مقابلہ مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
یہ بات اسد عمر نے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان ایڈووکیٹ کے ہمراہ اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کی پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ عالمِ اسلام کے لیڈر سمجھے جاتے ہیں، جھوٹا مقدمہ بنا کر عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ رہے بلکہ ملک کی ساکھ مجروح کر رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ یہ جتنا عمران خان کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اتنے ہی مقبول ہوتے جا رہے ہیں، مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ الیکشن کرائیں اور عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ وزارتِ داخلہ کا سیل متعدد بار بتا چکا ہے کہ عمران خان کو شدید خطرہ ہے، اگر آپ کے خیال میں آپ مقبول ہیں تو سیاست کے میدان میں آ کر مقابلہ کریں۔
اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمے میں انہوں نے آگ لگانے، قتل کی دھمکی دینے سمیت 4 نئی دفعات شامل کیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اب ان کے پاس وقت ہے کہ اپنے جھوٹ کیسز واپس لیں، کل عمران خان کی ذاتی سیکیورٹی کو بھی عدالت کے اندر نہیں آنے دیا گیا تھا۔
بابر اعوان نے کہا کہ پولیس کے بیان سے شہداء کی دل آزاری ہوئی ہے، لکھوایا گیا کہ پولیس عمران خان کے بیان کے بعد خوف زدہ ہو چکی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیکیورٹی تھریٹ سے متعلق سرکار نے لکھ کر بھیجا ہے، اسد عمر لاہور میں تھے، مگر ان کے خلاف مقدمہ اسلام آباد میں درج ہو گیا، ہم جھوٹے مقدمے بنانے والوں پر مقدمے کریں گے۔
Comments are closed.