دفاع پاکستان کونسل کے رہنما مولانا احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی غلطی کا خمیازہ عام آدمی بھگت رہے ہیں۔
اسلام آباد میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب میں مولانا احمد لدھیانوی نے مشورہ دیا کہ معاملات سڑکوں کی بجائے ایوانوں میں طے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر ملکی قوت کی ایما پر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو ہم بھی میدان میں آئيں گے، پھر ممی ڈیڈی برگر کھانے والے ہمارا راستہ نہيں روک سکیں گے۔
دفاع پاکستان کونسل کے رہنما نے مزید کہا کہ انتشار برداشت نہیں کریں گے، وہ سڑکوں پر نکلے تو ہم ان کا راستہ روکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج دینی جماعتوں کے ساتھ اقلیتیں بھی پاکستان کے دفاع کےلیے موجود ہیں، آج بھی ملک میں 2012ء جیسے حالات ہیں۔
مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ 2012ء میں ملک خطرے میں تھا، آج بھی ملک خطرات میں گھرا ہے، ملک کو اس وقت مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی کے ساتھ اندرونی سازشیں ملک کو عدم استحکام کا شکار کر رہی ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے۔
دفاع پاکستان کونسل کے رہنما نے کہا کہ اس عدم استحکام کا اثر ملک کے ہر شعبے پر پڑ رہا ہے۔ سیاسی اور معاشی عدم استحکام ملک کی بنیادوں کو کمزور کر رہا ہے، بدقسمتی سے ہماری معیشت تنزلی کا شکار ہے۔
مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ ملکی سلامتی سے متعلق اداروں کے خلاف عوام میں زہر پھیلایا جا رہا ہے، غیر ملکی ایجنٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد کھلم کھلا پاکستان کے معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں، وقت کا تقاضہ ہے ہم فوری سنبھل جائیں۔
Comments are closed.