پیر 22؍ذیقعد 1444ھ 12؍جون2023ء

سہراب گوٹھ میں پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والا ملزم مقابلے میں ہلاک

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلے کے دوران ملزم مارا گیا، ملزم نے 2 روز قبل سہراب گوٹھ میں فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم شرابو خان پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا، اس کے علاوہ ملزم قتل، ڈکیتی اور اقدام قتل سمیت کئی وارداتوں میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کے قریب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔

 پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شرابو خان مارا گیا۔

 ہفتے کو سہراب گوٹھ کے ہی علاقے میں ملزم نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار حکیم اور رحمت شہید ہوگئے تھے، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی و رہزنی سمیت متعدد مقدمات میں ملوث تھا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.