منگل 11؍جمادی الاول 1444ھ 6؍دسمبر 2022ء

سکھر حیدر آباد موٹروے کرپشن اسکینڈل: 6 ملزمان ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

سکھر حیدر آباد موٹروے ایم 6 کرپشن اسکینڈل میں گرفتار ملزمان کو ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا گیا۔

سکھر میں اینٹی کرپشن پولیس نے موٹر وے ایم 6 کرپشن اسکینڈل میں گرفتار 6 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کےلیے عدالت میں پیش کیا۔

دوران سماعت وکیل نے استدعا کی کہ اکاؤنٹنٹ ریونیو رستم کھوسو بیمار ہیں، انہیں جیل کسٹڈی کیا جائے۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ تمام ملزمان گرفتاری کے بعد بیمار پڑجاتے ہیں۔

عدالت نے ساتھ ہی اینٹی کرپشن افسران کو ہدایت کی کہ بیمار ملزمان کو تمام میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔

سماعت کے بعد اسپیشل جج اینٹی کرپشن سکھر نے ملزمان کو 4 روزہ ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا۔

گرفتار ملزمان میں شفیق احمد سومرو، عبدالعزیز انصاری، سجاد میمن، عبدالعزیز، رستم کھوسو اور آفتاب احمد شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن پولیس نے ملزمان کو گزشتہ روز نوشہرو فیروز میں کارروائی کرکے گرفتار کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.