میلبرن میں تماشائیوں کو نچانے والے پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی سڈنی میں تماشائی پر بھڑک گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے کو اس وقت منظرعام پر آئی جب قومی ٹیم کو سڈنی میں ہونے والے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد جب شائقین کرکٹ 29 سالہ فاسٹ بالر سے آٹوگراف لے رہے تھے تو اس دوران ایک تماشائی نے حسن علی کو تمسخر کا نشانہ بنایا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد جب حسن علی مداح کو آٹوگراف دے رہے تھے تو ایک شخص اردو زبان میں فاسٹ بالر پر طنز کرتے ہوئے کہتا ہے کہ حسن یہاں آٶ تمہیں کیچ پکڑنا سِکھاٶں۔
شکست سے دوچار حسن علی گراؤنڈ میں موجود تماشائی کی بدتمیزی پر خود پر قابو نہ رکھ سکے اور غصے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضرور، آجاؤ ادھر، یہاں آؤ، کون سکھائے گا مجھے کیسے کیچ پکڑنا ہے؟
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ میں 8 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کیا جبکہ اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو میلبرن ٹیسٹ میں 79 رنز اور پرتھ ٹیسٹ میں 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا رہا۔
یاد رہے کہ پاکستان 1995 سے اب تک آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراونڈ میں کوئی بھی ٹیسٹ میچ جیتنے سے قاصر ہے۔
Comments are closed.