کراچی کے سپر اسٹور میں لگنے والی آگ کے دھویں سے جاں بحق ہونے والا شخص انٹرویو کے لیے آیا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت وصی کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وصی گلستان جوہر کا رہائشی تھا، چند روز قبل سی وی جمع کروائی تھی، وصی سپر اسٹور کے راستوں کا علم نا ہونے کے باعث باہر نہیں نکل سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھ کر وصی کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی میں جیل چورنگی کے قریب سپر اسٹور میں آج صبح لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ عمارت کے بیسمنٹ میں بنے ویئر ہاؤس میں دن 11 بجے لگی، بیسمنٹ میں بنایا گیا ویئر ہاؤس سپر اسٹور کی ملکیت ہے، آگ بیسمنٹ سے ہوتے ہوئے پہلی منزل تک پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق آگ کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، بعد میں قابو پانے کی کوشش کریں گے، 18 سے زائد فائر ٹینڈر اور واٹر باؤزر آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
Comments are closed.