جمعرات 22؍رمضان المبارک 1444ھ13؍اپریل 2023ء

سپریم کورٹ کے بغیر حکومت اور ریاست کا کوئی تصور نہیں، چوہدری پرویز الہٰی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے بغیر حکومت اور ریاست کا کوئی تصور نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ میں تمام قابل جج شامل ہیں، تمام وکلا، بار کونسلز اور عوام سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے رہنماؤں کی اپنی رہائشگاہ آمد پر کیا، اس موقع پر چوہدری وجاہت بھی موجود تھے۔

پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سابق صدر عمر ڈار، ذوالفقار گھمن اور آصف چٹھہ نے سابق وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ شہباز کابینہ نے عدالتی فیصلوں سے متعلق ہٹ دھرمی اختیار کر رکھی ہے، عدالتی اصلاحات بل کے خلاف سماعت سے قبل ہی بینچ کو مسترد کر دینا غیر جمہوری عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو مائنس کرکے کوئی حکومت اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی، حکومت کو غلط فہمی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد روک سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن عوام کا بنیادی حق اور جمہوریت کی روح ہے، آئین اور قانون میں الیکشن کے فنڈز روکنے کا کوئی تصور نہیں، شہباز شریف الیکشن فنڈز روکنے والے کون ہوتے ہیں؟

پرویز الہٰی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی حالیہ رپورٹ نے اسحاق ڈار کے جھوٹے دعووں کا پول کھول دیا ہے، عالمی مالیاتی ادارے نے حالات مزید خراب ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کی شرح 0.5 کی کم ترین سطح پر پہنچنے کی گھنٹی بج چکی ہے، ایک سال میں مزید دو کروڑ افراد خط غربت سے نیچے جاچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن ہی معاشی بحران سے نکلنے کا واحد آپشن ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.