پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپسی کے مشورے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات نہ ہونے کا نقصان انتخابات نہ کرنے سے کہیں بڑا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پرجاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نےکہا کہ پی ٹی آئی کواندازہ ہے 123ضمنی انتخابات پر کتنے اخراجات ہوں گے؟
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اندازہ نہیں رجیم چینج آپریشن میں پاکستان کو اب تک 5 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے قومی اسمبلی سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپسی کا مشورہ دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیے کہ عوام نے آپ کو 5 سال کے لیے منتخب کیا، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کروڑوں افراد اس وقت سیلاب سے بے گھر ہو چکے ہیں، ملک کی معاشی حالت بھی دیکھیں، پی ٹی آئی کو اندازہ ہے کہ 123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہوں گے؟
Comments are closed.