پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کے سازش والے بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا، عدالت نے کل اپنے فیصلے سے جھوٹے ثاقب نثار کے صادق اور امین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔
کلر سیداں راولپنڈی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کل رات تاریخی فیصلہ آیا، جس نے فتنہ خان کی جھوٹی سیاست کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا سیاستدان ہے، جس کو سپریم کورٹ نے جھوٹا اور آئین شکن قرار دیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ آج دھاندلی کا رونے والا حکومت میں رہ کر ایک پیج کے باوجود سارے ضمنی الیکشنز ہار چکا ہے، ایکس اور وائی کی باتیں کرنے والے عمران، اپنی اے بی سی ٹھیک کرلو۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اتحادی حکومت کو مجبوری میں مشکل فیصلے کرنے پڑے، عمران خان جاتے جاتے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے، مسلم لیگ ن نے جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک ایک بارودی سرنگ کو ہٹایا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اب مشکل دور ختم ہو گیا، آنے والے دن اچھی سے اچھی خبر لے کر آئیں گے، آج شہباز شریف قوم سے خطاب میں پیٹرول سستا کرنے کا اعلان کریں گے، جو کہتا تھا، آلو پیاز کا ریٹ پتہ کرنے نہیں آیا، آج کل دھنیے پودینے کا ریٹ بھی بتا رہا ہے۔
Comments are closed.