بدھ 21؍رمضان المبارک 1444ھ12؍اپریل 2023ء

سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) میں عدالت عظمیٰ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواستیں سماعت کےلیے مقرر کردی گئی۔

عدالت عظمیٰ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواست کی سماعت کےلیے بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ کل سماعت کرے گا

سپریم کورٹ کے بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید کو شامل کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف 4 درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھیں۔

بل کے خلاف درخواستیں ایڈووکیٹ خواجہ طارق رحیم اور دیگر نے دائر کی تھیں۔

اسپیکر راجا پرویز اشرف نے ارکان سے رائے شماری کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی شق وار منظوری دی۔

واضح رہے کہ 10 اپریل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پیش کیا جو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔

دوران اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف نے ارکان سے بل کی شق وار رائے شماری کی اور پھر اس کی منظوری دی تھی۔

اس موقع پر اسپیکر نے ہدایت کی تھی کہ ایوان کے اندر تصویریں نہ بنائی جائیں، یہ عمل یہاں نہیں کیا جاسکتا۔

اس دوران تحریک انصاف کے سینیٹرز نے بل کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر راجا پرویز اشرف کی جانب اچھال دیں اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.