سپریم کورٹ نے لانگ مارچ کے اعلان پر وزارت داخلہ کی عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کےلیے مقرر کردی۔
سپریم کورٹ کا لارجر بینچ جمعرات کو اس کیس کی سماعت کرے گا، جس کی سربراہی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کریں گے۔
علاوہ ازیں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی بھی لارجر بینچ میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے ہفتے کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے حوالے سے دائر درخواست کی جلد سماعت کےلیے سپریم کورٹ میں ایک نئی متفرق درخواست دائر کی تھی۔
اس درخواست میں توہین عدالت کی کارروائی کےلیے دائر آئینی درخواست کو آئندہ عدالتی ہفتہ کے دروان سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
درخواست میں 25 مئی 2022 کے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔
اس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 25 مئی کو سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو H9 گراؤنڈ میں احتجاج ریکارڈ کرنے اور جلسہ کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن عمران خان نے سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی کال دی تھی اور ورکرز اپنے لیڈر کی کال پر ڈی چوک پہنچ کر ریڈ زون میں داخل ہوئے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔
اس درخواست کے ساتھ پولیس اور دیگر اداروں کی رپورٹس بھی منسلک کی گئیں۔
Comments are closed.