بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سپریم کورٹ بار کی تحریکِ عدم اعتماد کے دن تصادم روکنے کیلئے درخواست تیار

سپریم کورٹ بار نے تحریکِ عدم اعتماد کے دن سیاسی جماعتوں کے درمیان ممکنہ تصادم کو روکنے کے لیے آئینی درخواست تیار کر لی۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرمحمد احسن بھون نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ عدم اعتماد سے متعلق درخواست آج سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

سپریم کورٹ میں جو درخواست دائر کی جائے گی اس کے مسودے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد کا عمل پُرامن انداز سے مکمل ہو۔

’’ تحریکِ عدم اعتماد وزیرِ اعظم کو ہٹانے کا آئینی راستہ ہے‘‘

مسودے کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد آرٹیکل 95 کے تحت کسی بھی وزیرِ اعظم کو ہٹانے کا آئینی راستہ ہے۔

عہدیداران نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن تحریک عدم اعتماد ناکام یا کامیاب بنانے کے لیے طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاسی بیانات سے تحریکِ عدم اعتماد کے روز فریقین کے درمیان تصادم کا خطرہ ہے۔

مسودۂ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحریکِ عدم اعتماد کا عمل پرامن انداز سے مکمل کرنے کا حکم دے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.