2022ء کا سب سے بڑا سپر مون کا نظارہ گزشتہ رات یونانی دارالحکومت ایتھنز کے ساحل اور اسپین کے Canary Islands پر کیا گیا۔
چاند کو زمین سے بے حد قریب اور معمول سے زیادہ روشن دیکھ کر سب حیران رہ گئے، حیران کر دینے والے اس منظر میں چاند کو زمین سے قریب اور مختلف رنگ میں دیکھا گیا۔
سپر مون اس وقت طلوع ہوتا ہے جب چاند زمین کے مدار سے بہت قریب آتا ہے جس کے باعث وہ عام چاند سے زیادہ روشن اور زیادہ بڑا دکھائی دیتا ہے۔
جولائی میں طلوع ہونے والے اس ’سپر مون‘ کو کسانوں کی زبان میں BUCK MOON بھی کہا جاتا ہے، کیوں کہ یہ سال کا وہ وقت ہوتا ہے جب ہرن کے سر پر نئے سینگ نکلتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس سپر مون کو تھنڈر مون THUNDER MOON کا نام بھی دیا گیا ہے کیونکہ موسم گرما کے اس موسم میں اکثر گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ہوتی ہیں۔
ناسا کے مطابق دنیا بھر میں 13 جولائی بروز بدھ سے دیکھا جانے والا سپر مون آئندہ 3 روز یعنی جمعے کی صبح تک دیکھا جا سکے گا۔
ناسا کا کہنا ہے کہ اس سال کُل 4 سپر مونز کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے، 13 تا 15 جولائی تک دیکھا جانے والا یہ سُپر مون رواں سال کا تیسر اور سب سے بڑا سپر مون ہے، جبکہ اگلا سپر مون 12 اگست کو نظر آئے گا۔
سپر مون SUPER MOON کیا ہے؟
چاند بیضوی مدار میں زمین کے گرد چکر لگاتا ہے اس بیضوی مدار میں وہ کبھی زمین کے قریب آ جاتا ہے اور کبھی بہت دور چلا جاتا ہے، جب وہ زمین کے قریب ترین مقام پر آ جاتا ہے تو اس کو حضیض قمر(Perigee) کہتے ہیں اور جب وہ زمین سے بعید ترین مقام پر پہنچ جاتا ہے تو اس کو اوجِ مدارِ قمر (Apogee) کہتے ہیں، اسی وجہ سے بعض دفعہ ہمیں چودھویں کا چاند کافی بڑا اور بعض دفعہ کافی چھوٹا دکھائی دیتا ہے، ہر قمری ماہ میں یہ دونوں چیزیں ہوتی ہیں، جب چودھویں کا چاند زمین کے قریب ترین مقام پر آجاتا ہے تو اس بڑے چاند کو Super Moon یا بڑا چاند کہتے ہیں۔
Comments are closed.