اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پراپیگنڈے کا مقصد مایوسی اور افراتفری کو پھیلانا ہے، پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں جناح کنونشن سینٹر میں پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مجھے ملک کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے بہت خوشی کا احساس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر طرح سے ہندوؤں سے مختلف ہے، نہ کہ ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اختیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے وطن، قوم، ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے خود پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہیے، پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہیے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے۔سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے، سوشل میڈیا پر پراپیگنڈے کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے ۔ قرآن مجید میں اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں کہ؛ ‘‘اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اس کی تحقیق کرلیا کرو’’۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے، دونوں ریاستیں کلمہ طیبہ ہی کی بنیاد پر قائم ہوئیں ، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے۔ ہماری افواج ہر قسم کے خطرات اور سازشوں کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں۔ پاکستان اپنی خود مختاری پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔
Comments are closed.