چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار پر قابض گروہ آئین اور جمہوریت پر حملہ آور ہے، سوشل میڈیا نے خوف کے پردوں کو چاک کردیا۔
پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے سوشل میڈیا ذمے داران نے عمران خان سے ملاقات کی۔
اس دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی سازش سے سیاسی اور معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے سازش کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین پر شدید ردِعمل دیا، عوام کسی تحریک کے بغیر بےمثال انداز سے سڑکوں پر نکلی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اقتدار پر قابض گروہ آئین اور جمہوریت پر حملہ آور ہے، امپورٹڈ سرکار نے عوام کو دبانے کےلیے بدترین فسطائیت کا سہارا لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکنان حقیقی آزادی کا پیغام ہر فرد تک پہنچائیں، روایتی سیاسی اہداف کے لیے نہیں، قوم کی حقیقی آزادی کے لیے لانگ مارچ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ملک میں فوری انتخابات مزید پیچیدگیوں سے بچاؤ اور بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہیں، میڈیا میں موجود آزاد اور غیرجانبدار آوازیں دبا کر جبر کا سکوت طاری کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے خوف کے پردوں کو چاک کیا، عوام کی آواز کو پہلے سے بڑھ کر گونج دی، اُن کے سیاسی شعور میں اضافے اور پختگی کی راہ ہموار کی۔
عمران خان نے کہا کہ آئین اور قانون پامال کرکے اظہار کی آزادی کو سلب کرنا سیاسی طالع آزماؤں کے لیے ممکن نہیں رہا، لانگ مارچ میں بھی ہمارا سوشل میڈیا کلیدی کردار ادا کرے گا۔
Comments are closed.