سوات میں اسکول وین پر فائرنگ کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
محکمۂ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شامل ہیں۔
اعلامیے میں محکمۂ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس کمیٹی کو 4 روز میں تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمۂ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث کانسٹیبل کے نفسیاتی اور دیگر مسائل معلوم کیے جائیں۔
واضح رہے کہ سوات کے علاقے سنگوٹہ میں ڈیوٹی پر تعینات پولیس کانسٹیبل کی فائرنگ سے 6 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 5 طالبات سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
ملزم کو موقع پر اسلحے سمیت گرفتار کر کے عینی شاہد ڈرائیور کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔
واقعے کے خلاف عوام نے احتجاج کرتے ہوئے مینگورہ کالام کی مرکزی شاہراہ بلاک کر دی اور ملزم کو قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
Comments are closed.