سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس میٹر کا ماہانہ کرایہ 40 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گیس ٹیرف کے بعد اب گیس میٹر کے ماہانہ چارجز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، صارف گیس استعمال نہ بھی کرے تو اسے ہر ماہ 500 روپے کم از کم بل دینا ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ چارجز جنوری 2023ء سے لاگو ہوں گے، صارفین کو 3 ماہ کے بقایا جات میٹر رینٹ اور گیس ٹیرف کی مد میں اضافی دینا ہوں گے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے رقم ہر ماہ گیس کے بلوں میں شامل کر کے بھجوانا شروع کر دی ہے۔
ترجمان سوئی ناردرن گیس کمپنی کے مطابق یہ اوگرا کا فیصلہ ہے جو لاگو کیا گیا ہے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ نومبر دسمبر میں 0.9 کیوبک ہیکٹر سے کم گیس کے بل والوں پر لاگو نہیں ہو گا۔
ترجمان سوئی ناردرن گیس کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ کم گیس استعمال کرنے والے صارفین میٹر رینٹ کے اضافے سے مستشنیٰ ہوں گے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میٹر رینٹ میں اضافے کے باوجود گیس ابھی بھی ایل پی جی، لکڑی اور کوئلے سے سستی ہے۔
Comments are closed.