جمعرات 25؍ذیقعد 1444ھ15؍جون 2023ء

سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت پر اعتراض، امریکا نے ہنگری کی اسلحہ ڈیل روک دی

ہنگری کی طرف سے سوئیڈن کی نیٹو اتحاد میں شمولیت پر اعتراض کے بعد امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے ہنگری کو 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی ڈیل روک دی۔

سینیٹر جم رِش کا کہنا تھا کہ پچھلے سال ہنگری نے وعدہ کیا تھا کہ وہ سوئیڈن کو نیٹو میں شامل ہونے کیلئے ووٹ دے گا لیکن جون ہوچکا ہے اور اس سلسلے میں کوئی اقدامات نہیں کیے لہٰذا ہنگری کو امریکی ہتھیار اور ساز و سامان فرخت کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوئیڈن کی فوجی اتحاد میں شمولیت کیلئے ہنگری کو ضروری اقدامات جلد کرنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ امریکی قانون کے مطابق سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی اور ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی ہتھیاروں کی بڑی ڈیل کا جائزہ لیتی ہیں۔

ہنگری کے ساتھ ڈیل کے تحت امریکا اسے ہیمار راکٹ لانچر کی گاڑیاں اور 100 راکٹ فروخت کرے گا۔

یاد رہے کہ سوئیڈن نے پچھلے برس نیٹو میں شمولیت کیلئے درخواست دی تھی لیکن ترکیہ اور ہنگری کی طرف سے اعتراضات کے بعد سوئیڈن کے نیٹو رکن بننے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.