منگل 14؍شعبان المعظم 1444ھ7؍مارچ 2023ء

سندھ کے نجی اسکولوں میں کانچ کی بوتلوں میں مشروبات پر پابندی

سندھ کے نجی اسکولوں میں کانچ کی بوتلوں میں مشروبات پر پابندی عائد کردی گئی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے اسکولوں کے احاطے میں لمکا/ سوڈا ڈرنک کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔

رجسٹرار رفیعہ ملاح کے نوٹیفکیشن کے مطابق چند روز قبل ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا جب ایک پرائیویٹ اسکول کے کلاس پنجم کے طالب علم کی لمکا ڈرنک سے بھری شیشے کی بوتل پھٹنے سے ہلاکت ہوگئی جو کہ اسکول کے احاطے میں ایک اسٹال پر رکھی ہوئی تھی۔

حذیفہ کے والد محمد اسلام نے کہا کہ لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کیلئے دعائیں کیں، چاہتا ہوں آئندہ کسی حذیفہ کے ساتھ ایسا واقعہ نہ ہو۔

لہٰذا نجی طور پر زیر انتظام تمام اسکولوں کے پرنسپلز، منتظمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی کانچ کی بوتل میں ڈرنکس کو اسکولوں کے احاطے میں فروخت کے لیے نہ رکھا جائے۔

اسی طرح، شیشے کی بوتلوں میں موجود سافٹ ڈرنک، مشروبات کو اسکول میں نہ رکھا جائے اور نہ ہی فروخت کیا جائے، تاہم ایسے سافٹ ڈرنکس جو پلاسٹک کی بوتلوں یا کین میں ہیں اسکولوں میں فروخت کیے جا سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدامات بچوں کی حفاظت کیلئے کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسا دردناک واقعہ پیش نہ آئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.