نگراں وزیرِاعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر سندھ میں بھی بجلی چوروں کے خلاف ’اینٹی تھیفٹ الیکٹریسی مہم‘ شروع کر دی گئی ہے۔
اس مہم کے تحت آئی جی سندھ نے صوبے کے تمام تھانوں کی پولیس کو بجلی چوروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔
اے آئی جی آپریشن شیراز نظیر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زون کے ڈی آئی جیز، حیدر آباد، میر پور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بے نظیر آباد کے پولیس سربراہان اور صوبے کے تمام سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ان افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر مامور کمپنیوں کے سربراہان کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف فوری آپریشن شروع کریں۔
بجلی چوروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
حکم نامے میں تمام متعلقہ پولیس افسران کو اس مہم کی تفصیلات ہر جمعے کو آئی جی اپریشن روم تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments are closed.