یو این او ڈی سی کنٹری آفس پاکستان کی جانب سے سندھ کی جیلوں میں ایڈز، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس سے متعلق خدمات کو بہتر اور مستحکم بنانے کے پروگرام کے اجراء کے سلسلے میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ سندھ کے دفتر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے دوران ایڈز، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے لئے ‘پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (پی ایم آئی ایس)’ کے ماڈیول کا باضابطہ کنٹرول اور اس سے متعلق ضروری آلات و سامان اور عملدرآمد کی سرگرمیاں محکمہ جیل خانہ جات سندھ کے سپرد کی گئیں۔
یہ آلات اور سامان کراچی کی ملیر ضلعی جیل میں ایڈز، ہیپاٹائٹس بی، سی اور ٹی بی کے ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات کے لئے قائم کئے گئے نئے ‘ایچ آئی وی ٹیسٹنگ اینڈ کونسلنگ (ایچ ٹی سی) سینٹر’ میں استعمال کئے جائیں گے۔
ایڈز، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کا یہ ماڈیول سندھ کے جیل حکام اور محکمہ صحت کی معاونت کے لئے تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے قیدیوں کے جیل میں قیام کے دوران ایڈز، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی سی سے متعلق صحت کا ڈیٹا ترتیب دیا جائے گا۔
اس آزمائشی پروجیکٹ کا مقصد سندھ کی جیلوں اور محکمہ صحت کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بناتے ہوئے قیدیوں کے لئے ایڈز، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کی روک تھام، علاج اور نگہداشت کی خدمات کے معیار کو مسلسل بنیاد پر بہتر بنانے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
پروجیکٹ کے تحت خطرات کی علامات پر مبنی طرزعمل سے متعلق قیدیوں کی ابتدائی اسکریننگ اور جیل عملہ کی صلاحیتوں میں بہتری کے لئے معاون طریقے وضع کئے گئے۔
علاوہ ازیں اب نادرا کی جانب سے ایڈز، ہیپاٹائٹس بی اور سی کا شکار قیدیوں کی رجسٹریشن اور قومی شناختی کارڈ کے مفت اجراء کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات قاضی نذیر احمد نے اس پروجیکٹ اور اس پر عملدرآمد کے سلسلے میں یو این او ڈی سی پاکستان، محکمہ صحت سندھ اور تمام دیگر متعلقہ فریقوں کی مسلسل معاونت کو سراہا۔
انہوں نے سندھ بھر کی 22 جیلوں میں پی ایم آئی ایس کی فراہمی کے لئے یو این او ڈی سی کی غیرمعمولی کوششوں کا خاص طور پر ذکر کیا۔
پاکستان میں یو این ڈی پی کے نمائندہ ڈاکٹر جیریمی ملسم نے اس اہم پروگرام کے سلسلے میں تعاون اور اسے اپنانے پر سندھ کے محکمہ جیل خانہ جات، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ فریقوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے یو این ایڈز کی بھرپور معاونت کو بھی سراہا اور مختلف محکموں کے درمیان مضبوط اشتراک عمل کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ اس سے جیلوں میں مقیم قیدیوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ بھی اس موقع پر موجود تھے، جنہوں نے عملے کی استعداد میں بہتری اور ضروری آلات و سامان کی فراہمی میں یو این او ڈی سی اور یو این ایڈز کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ صحت، محکمہ جیل خانہ جات کو حفظانِ صحت کی خدمات اور بعد از رہائی قیدیوں کو صحت کے اداروں میں بھجوانے کے نظام میں معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
جیلوں کے لئے ان اقدامات کو یو این او ڈی سی ہیڈکوارٹرز کے "کنٹری انویلپس اینڈ ایچ آئی وی سیکشن” کے تحت یو این ایڈز کے مالی تعاون سے عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔
Comments are closed.