وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے الوداعی اجلاس کے دوران پوری کابینہ نے ان کی خدمات کو بے حد سراہا اور ڈیسک بجاکر داد دی۔
سندھ کابینہ کے الوداعی اجلاس میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے پوری کابینہ، بیوروکریسی اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے پورے عملے بالخصوص چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور سابق چیف سیکریٹری ممتاز شاہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ بہترین کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری نے پوری بیوروکریسی کو بے حد عزت دی، جس پر چیف سیکریٹری سہیل راجپوت نے پوری بیوروکریسی کی طرف سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری ہر قدم پر رہنمائی کی، سندھ میں 2022 کے سیلاب کی تباہی دیکھ کر ہمت ہار چکا تھالیکن سیلاب سے نمٹنے کیلئے سندھ کابینہ کی محنت سے سب ممکن ہوا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں، ہم نے دل سے سیلاب متاثرین کی بھرپور خدمت کی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کی ہدایات پر سیلاب متاثرین کو گھر اور مالکان کو ٹائٹل بھی دے رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے تھر میں کوئلے اور بجلی کی پیداوار کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی مدت مکمل کرکے عزت سے اپنی عوام کے پاس جارہے ہیں، ہمارے ووٹرز ہمارے صرف سپورٹرز نہیں بلکہ وہ ہمارے بھائی بہن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تین ماہ کے بعد واپس آئیں گے اور پھر خدمت کا سلسلہ شروع کریں گے۔
اس موقع پر ترجمان کے مطابق کابینہ ارکان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی عوام کے لئے خدمت قابل تعریف ہے، انہوں نے ہمیشہ سے صوبے سے متعلق پوری کابینہ کے مشوروں کا احترام کیا، تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلے۔
سندھ کابینہ ارکان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں دیہی و شہری تفریق کو ختم کیا۔
Comments are closed.