جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

سندھ پولیس نے قومی کرکٹرز سے بھی رشوت لے لی

پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود اور عامر یامین نے سندھ پولیس پر رشوت لینے کا الزام عائد کیا ہے۔

صہیب مقصود نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہم سندھ میں نہیں پنجاب میں رہتے ہیں، زندگی میں پہلی بار کراچی سے ملتان بذریعہ روڈ سفر کیا۔

انہوں نے لکھا کہ سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ 50 کلومیٹر کے بعد آپ کو روک کر پیسے مانگتی ہے اور نہ دینے کی صورت میں تھانے لے جانے کی دھمکی دیتی ہے۔

صہیب مقصود نے لکھا کہ سندھ پولیس میں کرپشن عروج پر ہے، ہم نے پولیس کو بتایا کہ ہم کرکٹرز ہیں اور کراچی میں میچ کھیلنے کے بعد واپس ملتان جارہے ہیں پھر بھی انہوں نے ہم سے 8 ہزار روپے لے لیے۔

اس واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر کرکٹر عامر یامین نے بھی تصدیق کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق عامر یامین اور صہیب مقصود کو سکرنڈ پولیس اسٹیشن کی حدود میں روکا گیا تھا۔

دوسری جانب آئی جی سندھ رفعت راجہ نے کرکٹر عامر یامین کے ٹوئٹ پر نوٹس لے لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں صہیب مقصود اور عامر یامین ملتان ریجن کی نمائندگی کر رہے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.