جمعہ 9؍محرم الحرام 1445ھ28؍جولائی 2023ء

سندھ: نئے زون سسٹم کے مطابق انٹر سال اول میں داخلوں کی فہرست جاری

ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر شاداب حسین نے جمعہ کو نئے زون سسٹم کے مطابق انٹر سال اول میں داخلوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔

پروفیسر شاداب حسین نے کہا کہ نویں جماعت کی بنیاد پر زون سسٹم کے مطابق بچوں کو گھر کے قریب کالجز میں داخلہ دیا گیا ہے، جس بچے نے اپنے گھر کے قریب والے زون کا انتخاب کیا ہوگا وہیں میرٹ کے مطابق اس کا داخلہ ہوا ہوگا۔

سیکریٹری سندھ الیکٹرانک سینٹرالائزڈ کالج ایڈمیشن پروگرام 2023 راشد احمد کھوسو نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 93 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پری انجینئرنگ بوائز میں 12 ہزار 369 داخلے ہوئے جبکہ پری انجینئرنگ گرلز میں 5 ہزار 376 داخلے ہوئے۔

 پری میڈیکل بوائز میں 5 ہزار 287، پری میڈیکل گرلز میں 19 ہزار 153 بچوں نے داخلہ لیا۔

کمپیوٹر سائنس بوائز میں 11 ہزار 174 جبکہ کمپیوٹر سائنس گرلز میں 6 ہزار 607 طلبہ و طالبات نے داخلے لیے۔

کامرس بوائز میں 9 ہزار 507 اور  کامرس گرلز میں 9 ہزار 126 داخلے ہوئے۔

آرٹس بوائز میں 666 اور آرٹس گرلز میں 4 ہزار 327 داخلے ہوئے جبکہ ہوم اکنامکس کے واحد کالج میں 262 بچوں نے داخلہ لیا۔

راشد احمد کھوسو نے کہا کہ کچھ بچوں نے داخلہ فارم میں غلطیاں کی ہیں جس کی وجوہات آن لائن ہی ان بچوں کو تصحیح کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فارم میں تصحیح ہوتے ہی ان بچوں کا فوری داخلہ کر دیا جائے گا۔

راشد احمد کھوسو نے بتایا کہ یہ داخلے اس سال کی نئی پالیسی کے مطابق کیے گئے ہیں، کلَیم سسٹم جلد آن لائن کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال بھی گزشتہ سال کی طرح بچے خود آن لائن کلَیم کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داخلہ فارم پر فارم QR کوڈ اور آخری تاریخ بھی موجود ہے، اگر بچے فارم کو آخری تاریخ سے پہلے جمع نہیں کرواتے تو ان کا داخلہ ختم کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار بچے کلَیم صرف ایک بار کرسکتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.