بدھ 16؍ذوالحجہ 1444ھ5؍جولائی 2023ء

سندھ میں دنوں کے حساب سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، شرجیل میمن

شرجیل میمن نے کہا ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں پہلے گھنٹوں کے حساب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب دنوں کے حساب سے کی جا رہی ہے۔

سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا وزیراعظم فوری طور پر نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں غیر اعلانی لوڈشیڈنگ جاری ہے، سندھ کے شہروں میں اب بجلی کئی کئی دن نہیں آتی، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اداروں اور اسپتالوں کو چلانے میں مشکلات ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ لاڑکانہ میں تین سے چار روز بجلی نہیں تھی، آصف زرداری نے نوٹس لیا تو بجلی بحال ہوئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی جانب سے سوئیڈن واقعےکی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پیپلزپارٹی کے خلاف من گھڑت الزامات لگا رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی سیٹیں زیادہ تھیں، جماعت اسلامی کو ووٹ پی ٹی آئی نے نہیں دیا، نزلہ آپ ہم  پر گرا رہے ہیں جو ناجائز ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ جماعت اسلامی کو الزامات کی سیاست چھوڑنی چاہیے، جماعت اسلامی ہمارے ساتھ بیٹھے اور کراچی کی بہتری کے لیےکام کرے، الزام تراشیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جب سب عید منا رہے تھے تو پیپلزپارٹی کے بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت میں مصروف تھے، الخدمت کو لوگ اس لیے پیسے نہیں دیتے کہ وہ ان پیسوں سے شہرکی سڑکوں پر بینرز لگائیں، جماعت اسلامی کو ان کے کرتوتوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کے ارکان نے ووٹ نہیں دیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کی خدمت کریں گے تو انہیں ووٹ ملیں گے، جماعت اسلامی کو جو سیٹیں ملیں وہ بھی ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے ملیں، انہیں ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اُس شخص نے توشہ خانہ سے گھڑیاں بیچ کے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، پوری دنیا کو پتا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ پر ڈاکا مارا ہے، ثاقب نثار نے پیسوں کی لالچ میں اس شخص کو صادق اور امین قرار دیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ اب وہ شخص کروڑوں روپے میں پارٹی کے ٹکٹ بیچ رہا ہے، ثاقب نثار جب تیس روز کے ریمانڈ پر جائے گا تو ساری باتیں سامنے آئیں گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کیا انصاف کے تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، ہمارے لوگوں کے خلاف کیس چلائے کہ تحائف لیے ہیں، ثاقب نثار کے دور میں اپوزیشن کے خلاف یکطرفہ کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں، جب نیب اور اینٹی کرپشن ثاقب نثار کو ریمانڈ پر لیں گے تو باتیں سامنے آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں، سوشل میڈیا پر یہ مختلف اداروں کے خلاف مہم چلاتے رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.