بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا اطلاق تمام صوبوں پر ہوگا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا الیکشن کمیشن کا حکم آگیا تو فروری مارچ تک بلدیاتی انتخابات کروادیں گے۔

وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ متنازع انتخابات سے بچنے کیلئے واحد راستہ الیکٹرانک ووٹنگ ہے۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا سندھ حکومت بلدیاتی الیکشن سے بھاگ نہیں رہی تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے مردم شماری کے نتائج پر اپنا اختلافی نوٹ مشترکہ مفادات کونسل میں جمع کروا رکھا ہے، اس پر فیصلہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں طے ہوتا ہے، الیکشن کمیشن کا حکم آگیا تو فروری مارچ تک بلدیاتی انتخابات کروادیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے کہا صوبائی حکومت کو حکم دیا جائے کہ ہمیں نقشہ جات اور ڈیٹا فراہم کرے تاکہ حلقہ بندی کروا کے الیکشن کا انعقاد کیا جائے۔

ڈی جی لاء محمد ارشد نے کہا کہ الیکشن کمیشن مردم شماری کے معاملے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا انتظار نہیں کرسکتا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا جو فیصلہ ہوگا، اس کا اطلاق سب صوبوں پر ہوگا، فیصلہ قومی مفاد میں کریں گے، الیکشن کمیشن نے کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.