سندھ میں حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں کے حوالے سے صوبائی حکومت نے رپورٹ تیار کرلی ہے۔
اس سلسلے میں پراوینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں سے 263 اموات ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے حادثات کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں 120 بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 41 اموات ضلع خیرپور میں رپورٹ ہوئیں۔ بارشوں سے مختلف واقعات میں 701 افراد زخمی ہوئے۔ ان زخمیوں میں 144 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں بارشوں سے حادثات میں 30 ہزار 150 مویشی ہلاک ہوئے۔ اسکے علاوہ صوبے میں بارشوں سے ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد گھر مکمل تباہ ہوگئے۔ جبکہ 2 لاکھ 28 ہزار677 مکانات کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث 15 لاکھ 46 ہزار ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں۔ صوبے میں 6 مساجد اور 45 پلوں کو نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں بارشوں سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 لاکھ 14 ہزارسےزائد ہے۔ بارشوں کے باعث 8 لاکھ 55 ہزار 622 افراد گھروں سے باہر رہنے پر مجبور ہیں۔
Comments are closed.