رہنما ایم کیو ایم پاکستان عامر خان نے کہا ہے کہ وڈیروں سے جان چھڑانے کے لیے متحد ہو کر آواز اٹھانی ہوگی، سندھ حکومت کا نظر ثانی پٹیشن پر جانا شرم کا مقام ہے۔
وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان نے کراچی میں وسیم اختر اور فیصل سبزواری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔
اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کی درخواست پر سپریم کورٹ سے فیصلہ آیا ہے، سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس کے خلاف نظرثانی میں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے آرٹیکل 140 اے کی پٹیشن پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آیا، ہم نے اس خوشی کے موقع پر مزار قائد پر آکر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا فلاحی مملکت کا خواب تھا، وڈیروں اور جاگیرداروں نے قائد کے خواب کو چکنا چور کرنے کی کوشش کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم ان لوگوں کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے، وڈیروں سے جان چھڑانے کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھانی ہوگی۔
عامر خان نے یہ بھی کہا کہ اس ملک کے خلاف جو بھی آواز اٹھے گی، کراچی والے اس کے خلاف کھڑے ہوں گے، سندھ حکومت نے جو کالا قانون پاس کروایا اس کے خلاف تمام جماعتوں نے اپنا حصہ ملایا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا نظر ثانی پٹیشن پر جانا شرم کا مقام ہے، کارکنوں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کی بات کرنے والے ناصرشاہ کے گھر میں مذاکرات کر رہے تھے۔
Comments are closed.