وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کے دراز قد شخص نصیر سومرو کے علاج کی ذمہ داری اٹھالی۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے نصیر سومرو کے علاج معالجے کے لیے 10 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری دی ہے۔
امتیاز شیخ کے مطابق نصیر سومرو کو سندھ حکومت کا امدادی چیک پیش کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نصیر سومرو کی بیماری پر سندھ حکومت نے اپنا فرض ادا کیا۔
دنیا کے طویل القامت افراد میں شامل پاکستان کے نصیر سومرو پھیپھڑوں اور ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق پاکستان میں فضائی آلودگی کے باعث لوگوں کو اس مرض کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ماضی میں نصیر سومرو کو کراچی کے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا کیونکہ انہیں نمکیات اور خون میں سفید خلیوں کی زیادتی کا سامنا تھا۔
سال 2020 میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر طویل القامت پاکستانی نصیر سومرو کو امداد فراہم کی گئی تھی۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے نصیر سومرو کے گھر جا کر انہیں ایک لاکھ 20ہزار روپے کا چیک دیا تھا۔
Comments are closed.