سندھ بھر کے پولیس کانسٹیبلز کو ترجیحی بنیادوں پر تبادلہ کروا کے کراچی ٹریفک پولیس جوائن کرنے کی کھلی پیشکش دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں صوبے بھر میں وائس کنٹرول کے ذریعے پیغامات نشر کیے گئے جن میں ایک طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس ٹریفک احمد نواز چیمہ نے جنگ کو بتایا کہ سندھ پولیس کے مختلف شعبہ جات اسپیشل برانچ، محکمہ انسداد دہشتگردی، ٹریننگ برانچ، کراچی پولیس کے تینوں زون کی تینوں ڈی آئی جی آپریشن برانچز کے ذریعے وہاں تعینات پولیس کانسٹیبلز کو ٹریفک پولیس میں تبادلہ کروانے کی پیشکش کی گئی ہے۔
سندھ ریزرو پولیس، کرائم انویسٹی گیشن برانچ کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور لاڑکانہ رینج میں کام کرنے والے پولیس کانسٹیبلز کو بھی تبادلہ کی پیشکش کی گئی ہے۔
وائر لیس پیغامات میں ان شعبہ جات کے شیٹ کلرز کو بھی اپنے کانسٹیبلز کو آگاہی دینے کا کہا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس تبادلے میں دلچسپی رکھنے والے پولیس کانسٹیبلز 25 جولائی 2022 تک اپنے کوائف ڈی آئی جی ٹریفک برانچ کی شیٹ برانچ میں جمع کرواسکتے ہیں۔
Comments are closed.