بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ بھر کے برساتی نالوں کی مانیٹرنگ کی جائے، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ بھر کے برساتی نالوں کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ کراچی میں آج رات اور کل بارشیں ہوں گی، پانی کے نکاس کا مکمل انتظام ہونا چاہیے،تمام لوکل باڈیز، ضلعی انتظامیہ کا اسٹاف فیلڈ میں ہونا چاہیے۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت مون سون سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت تمام سیکریٹریز، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، کور5 اور رینجرز کے نمائندےموجود تھے جبکہ دیگر ڈویژن کے کمشنرز، ڈی سیز بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو آگاہی دی گئی کہ کراچی میں آج رات اور کل بارشیں ہونگی، کورنگی نالہ، محمودآباد نالہ اور گجر نالہ کے بیشتر علاقے صاف ہیں،کے ایم سی کے 43 اور ڈی ایم سیز کے 514 نالے ہیں جن کی صفائی ہو رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کراچی سمیت دیگر ڈویژنز میں تمام چوکنگ پوائنٹس کلیئر کیے جائیں، پانی کے نکاس کا مکمل انتظام ہونا چاہیے،جبکہ تمام لوکل باڈیز، ضلعی انتظامیہ کا اسٹاف فیلڈ میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے تمام ڈی سیز اور ایس ایس پیز کو اپنے اضلاع میں رہنے کی ہدایت کی اور کہاکہ عید پر بھی اپنے اضلاع میں موجود رہیں، عوام کا خیال رکھیں، بارشوں کے پیش نظر ضروری اقدامات کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے فنانس ڈپارٹمنٹ کو فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کردی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.