سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی درخواست پر اسپیکر آغا سراج درانی کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔
آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ وہ اسمبلی قواعد کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کا مؤقف بھی سنا جائے گا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل اسمبلی میں آئیں، حلیم عادل شیخ کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔
آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ فردوس شمیم نقوی کے پروڈکشن آرڈر کیلئے کسی نے درخواست نہیں دی۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے درخواست تیار کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ اپوزیشن میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔
درخواست میں ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کے طور نامزد کیا گیا ہے۔
حلیم عادل شیخ کو نگراں وزیراعلیٰ کا نام دینے کیلئے آنا ہوگا، مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کے لیے تیار ہے، نگراں وزیراعلیٰ کا نام دینے کے لیے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو سامنے آنا پڑے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ پورے سندھ میں بلدیاتی انتخابات یہاں کے لوگوں کے ووٹ سے جیتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ اسمبلی میں آئیں، الزامات ہیں تو ثبوت پیش کریں، اگر کوئی 35 ارکان پورے کرے تو اپوزیشن لیڈر تبدیل کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہوتا، حلیم عادل شیخ معلوم نہیں کہاں سے ویڈیو بیان دیتے رہتے ہیں۔
Comments are closed.