بدھ 9؍رجب المرجب 1444ھ یکم؍فروری 2023ء

سندھ، خواتین کیلئے پنک بس سروس کا افتتاح کردیاگیا

سندھ میں خواتین کیلئے خصوصی طور پر پیپلز پنک بس سروس کا افتتاح کردیا گیا۔

 وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کے ہمراہ خواتین نے بس سروس کا افتتاح کیا۔

کراچی میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خواتین کو سہولتیں دینے کی ذمے داری حکومت کی ہے۔

 شرجیل میمن نے کہا کہ آج پنک بس سروس کی شروعات کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ ماں بیٹیوں کو خود مختار بنانا ہے، سندھ کے ہر شہر میں خواتین کے لیے بسیں چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام بسوں میں خواتین کے لیے علیحدہ سیٹس ہیں۔

اس موقع پر شرمیلا فاروقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس سے قبل ویمن بینک کا قیام کیا، یہ وہ جماعت ہے جس نے خواتین کو ترجیح دی ہے۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ شرجیل میمن کی بیماری کے باوجود یہ کام نہیں رُکا، آج پاکستان میں خواتین کے لیے یہ بس شروع کی جا رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا کہ سب سے پہلے محکمہ ٹرانسپورٹ کو مبارکباد دیتا ہوں۔

سعید غنی نے کہا کہ یہ بسیں عوام کی ملکیت ہیں، عوام ان کا خیال رکھے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں پنک بس سروس ماڈل کالونی سے ٹاور تک چلائی جارہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر 8 پنک بسیں چلائی جائیں گی، ہر بس میں 24 سیٹیں ہیں، 2 سیٹیں خصوصی افراد کے لیے ہیں۔

اس حوالے سے انتظامیہ کا بتانا ہے کہ بس میں مجموعی طور پر 50 خواتین سفر کرسکیں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.