اتوار 27؍ذوالحجہ 1444ھ16؍جولائی 2023ء

سمارا وکراما کا کیچ پکڑنے پر امام الحق کے سوشل میڈیا پر چرچے

گال ٹیسٹ کے پہلے دن سری لنکا کے سماراوکراما کا زبردست کیچ پکڑنے پر امام الحق کے سوشل میڈیا پر تعریفوں کے انبار لگ گئے۔

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف  پہلے روز کھیل کے اختتام تک 6 وکٹ پر 242 رنز بنا لیے، پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ آغا سلمان، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کا جب آغاز ہوا تو پاکستانی بولرز نے سری لنکا کو پریشان کردیا اور اس کی ابتدائی 4 وکٹیں 54 رنز پر گرگئیں، جس کے بعد 185 کے اسکور پر انجیلو میتھیوز ابرار احمد کی گیند پر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ سری لنکا کی چھٹی وکٹ سماراوکراما کی صورت میں گری جب آغا سلمان کی گیند پر امام الحق نے عمدہ کیچ لیتے ہوئے انکی اننگز کا خاتمہ کیا۔

سمارا وکراما نے جب شارٹ کھیلا تو لیگ سائیڈ پر کھڑے امام الحق نے شاندار ڈائیو مار کر ان کا کیچ پکڑ لیا، جس پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے انہیں خوب سراہا جارہا ہے۔

ایک صارف نے امام الحق کے کیچ کو ’شاندار‘ کیچ قرار دیا۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ امام الحق بھائی ’سپر مین‘ ہیں۔

امام الحق کے کیچ پر ایک صارف نے ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تعریف بھی کی ہے۔ صارف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ہمیشہ ٹیم میں شامل بولرز، بیٹرز اور فیلڈرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، یہ پاکستان کے بہترین کپتان ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.