سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پارلیمنٹ سے بھاگے ہیں۔
تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر جہاں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مختلف بیانات سامنے آرہے ہیں تو وہیں آصفہ بھٹو زرداری بھی کافی غصے میں ہیں۔
آصفہ بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پارلیمنٹ سے بھاگے ہیں کیونکہ وہ پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے آج کارروائی کے غیر آئینی اور غیر جمہوری انعقاد کا معاملہ عدالت میں اٹھایا جائے گا اور ہمارا اگلا اسٹاپ سپریم کورٹ ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد مسترد کر دی۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے متحدہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کو آئین کے خلاف قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے خلاف کسی غیر ملکی کو حق نہیں کہ وہ تحریکِ عدم اعتماد لائے، میں بطور ڈپٹی اسپیکر رولنگ دیتا ہوں کہ وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد کی جاتی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر نے تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔
Comments are closed.