شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان کے اہلخانہ نے بھی اب دونوں افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
ٹائٹن نامی آبدوز کے ساتھ پیش آئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ ہم میں نہیں رہے۔
لواحقین کے مطابق شہزادہ داؤد اور سلیمان اس ٹائٹن آبدوز میں تھےجو زیرِ سمندر تباہ ہوگئی، ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس حوالے سے پھوپھی کا کہنا ہے کہ بھتیجا سلیمان ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے سفر سے خوفزدہ تھا، وہ فادرز ڈے پر والد کو خوش کرنے کی خاطر سفر میں شریک ہوا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق شہزادہ داؤد کی اہلیہ اور بیٹی ریسکیو مقام پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کے ملبے کی جانب سفر کے دوران لاپتہ ہونے والی ٹائٹن نامی سیاحتی آبدوز کا ملبہ مل گیا ہے۔
آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ اور امریکی کوسٹ گارڈز نے پاکستانی صنعتکار حسین داؤد کے بیٹے شہزادہ داؤد اور پوتے سلیمان داؤد سمیت تمام 5 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
یاد رہے کہ یہ آبدوز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی اور اتوار کے روز سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
ٹائی ٹینک جہاز کا ملبہ نیو فاؤنڈلینڈ کے ساحل سے تقریباً 600 کلومیٹر دور بحر اوقیانوس میں 12 ہزار 500 فٹ گہرائی میں موجود ہے۔
Comments are closed.