بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سعودی عرب کا بیرون ملک مسلمانوں کے لیے ’عمرہ سیزن کھولنے کا فیصلہ‘

سعودی عرب کا بیرون ملک مسلمانوں کے لیے ’عمرہ سیزن کھولنے کا فیصلہ‘

عمرہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

رواں سال پہلی بار حج کے دوران سعودی خواتین فوجی مسجد الحرام میں سکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور رہی تھیں

سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حکام نے رواں سال ملک سے باہر ایسے مسلمانوں کو بھی عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ویکسین حاصل کر چکے ہیں۔

سرکاری العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے ’یکم محرم 1443ھ (10 اگست) سے بیرون سعودی عرب کے معتمرین کے لیے عمرہ سیزن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

قومی کمیٹی برائے حج وعمرہ کے رکن ھانی علی العمیری نے بتایا ہے کہ عمرے کے خواہشمند افراد دنیا بھر میں قریب چھ ہزار ایجنسیوں اور 30 آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بکنگ کروا سکیں گے۔

ان کے مطابق عمرے کے لیے ویکسین کی شرط لازم ہوگی اور تمام مقامات پر حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایا جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی وزارت حج اور عمرہ کے منظور شدہ اور بااعتماد پورٹلز کے ساتھ بی ٹو بی اور بی ٹو سی آن لائن بکنگ، رہائش اور سفری سہولیات کی بکنگ کرائی جا سکے گی۔‘

حج سیزن ختم ہونے کے بعد مکہ شہر کے مقدس مقامات پر عازمین عمرہ پہنچنا شروع ہوچکے ہیں۔ العربیہ کے مطابق ’غیر ملکی متعمرین کے استقبال اور مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کا شیڈول ترتیب دینے کے لیے 500 عمرہ کمپنیاں معتمرین کے خیر مقدم کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

صحت کے وزیر توفيق الربيعہ کا کہنا ہے کہ حج کے دوران ایک بھی کووڈ 19 کا نیا کیس سامنے نہیں آیا تھا۔

رواں سال تمام عازمینِ حج ایسے مسلمان تھے جو سعودی عرب میں موجود تھے اور انھوں نے کورونا ویکسین حاصل کر رکھی تھی۔ حج کے دوران سماجی فاصلے کی ہدایات کی پیروی بھی لازم تھی۔

عمرہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس دوران ٹیکنالوجی کا استعمال بھی عام رہا۔ سمارٹ فون ایپ، الیکٹرک گاڑیوں اور روبوٹ کے ذریعے یقینی بنایا گیا کہ حج کے اجتماع میں وائرس نہ پھیل سکے۔

تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں 1194 یومیہ متاثرین اور 12 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ کووڈ سے کل اموات کی تعداد 8167 ہے اور اب تک 518143 متاثرین کا پتا چلا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال 10 ہزار سعودی مسلمانوں کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ رواں سال عازمین حج کی تعداد بڑھ کر قریب 60 ہزار رہی۔ ان میں سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں کو بھی شامل کر لیا گیا تھا۔

وبا کے آغاز کے بعد عمرے پر پابندی لگائی گئی تھی مگر اسے اکتوبر 2020 کے اواخر میں بحال کر دیا گیا تھا۔

اب تک عمرے کی سہولت صرف سعودی عرب میں مقیم شہریوں اور غیر ملکیوں تک محدود ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.