سعودی ایوی ایشن گاکا نے فضائی مسافروں کے تحفظ کے لیے نئے سخت ترین قوانین بنا دیے ہیں جن کے تحت ایئر لائنز کو قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں مسافروں کو بھاری جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
قوانین پر عمل درآمد سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
فضائی مسافروں کے حقوق اور تحفظ کے لیے بنائے گئے نئے قوانین 20 نومبر سے نافذ العمل ہوں گے۔
قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ایئر لائنز پر بھاری جرمانے ہوں گے اور مسافروں کو بھی ادائیگیاں کی جائیں گی۔
سعودی ایوی ایشن گاکا نے پی آئی اے سمیت تمام ایئر لائن کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نئے قوانین کے تحت پروازوں کی روانگی میں تاخیر اور منسوخی پر مسافروں کو ایئر لائن معاوضہ ادا کرے گی۔
ایئر لائن پرواز کی روانگی میں 6 گھنٹے سے زائد تاخیر پر مسافروں کو ہوٹل سمیت تمام سفری سہولتیں مہیا کرے گی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایئر لائن مسافروں کو قیام، طعام اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی پابند ہو گی۔
سعودی ایوی ایشن کے احکامات کے مطابق پرواز کی روانگی میں 3 گھنٹے سے زائد تاخیر پر مسافروں کو کھانا اور سہولت فراہم کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
ایئر لائن مسافروں کو پرواز کی 6 گھنٹے سے زائد تاخیر پر فی کس 750 ریال دینے کی پابند ہو گی جبکہ پرواز کی منسوخی کی صورت میں ایئر لائن پر مسافروں کو 150 فیصد ٹکٹ کی ادائیگی کرنا لازم قرار دی گئی ہے۔
سعودی ایوی ایشن کے قوائد کے مطابق امیگریشن ہونے کے بعد مسافر کو آف لوڈ کرنے پر ٹکٹ کی صورت میں 200 فیصد معاوضہ ادا کرنا ایئر لائن پر لازم قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر کو وہیل چیئر کی سہولت فراہم نہ کرنے پر ایئر لائن کو 500 سعودی ریال ادا کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
ایئر لائن بغیر کسی وجہ کے منزل سے ہٹ کر کسی دوسرے شہر میں پرواز اتارنے پر بھی مسافروں کو معاوضہ ادا کرنے کی پابند ہو گی۔
Comments are closed.