بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سعودی عرب: اونٹوں کے مقابلہ حسن میں ‘بوٹوکس’ کے استعمال کے باعث کم از کم 40 اونٹ نااہل

سعودی عرب: اونٹوں کے مقابلہ حسن میں ‘بوٹوکس’ کے استعمال کے باعث کم از کم 40 اونٹ نااہل

اونٹوں کا معابلہ حسن

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

اونٹوں کا مقابلہ حسن ہر سال منعقد کیا جاتا ہے

سعودی عرب میں ہونے والے اونٹوں کے مقابلہ حسن میں شرکت کے لیے لائے گئے چالیس سے زیادہ اونٹوں کو مصنوعی طریقوں اور ‘بوٹوکس’ کے انجیکش لگنے کی وجہ سے مقابلے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔

خوبصورت اونٹوں کا مقابلہ شاہ عبداللہ عزیز کے نام سے ہونے والے اونٹوں کے میلے کا اہم حصہ ہے جس میں جیتنے والے اونٹ کو چھ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر انعام کی رقم دی جاتی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے خبر دی ہے کہ اس سال اونٹوں کے مقابلے کے ججوں نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ اونٹوں کو کہیں مصنوعی طریقوں سے خوبصورت بنانے کی کوشش تو نہیں کی گئی۔ اونٹوں میں خوبصورتی کا معیار لمبے اور لٹکے ہوئے ہونٹ، بڑی ناک اور کوہان کی شکل ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مقابلے میں شرکت کے لیے لائے گئے تمام اونٹوں کو پہلے ایک ہال میں لے جایا گیا جہاں ماہرین نے ان کی ظاہری شکل و صورت اور ان کے چلنے کے انداز کا معائنہ کیا۔

پھر جدید ایکسرے اور 3 ڈی الٹرا ساؤنڈ کا استعمال کرتے ہوئے اونٹوں کے سر، گردن اور دھڑ کے عکس لیے گئے اور ان اونٹوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کو جنیاتی معائنے اور چند دیگر ٹیسٹ کرنے کے لیے بھیج دیا گیا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مقابلے میں شامل 27 اونٹوں کو اس لیے نااہل قرار دے دیا گیا کیونکہ ان کے جسم کے اعضا کو مصنوعی طریقوں سے بڑا کیا گیا تھا۔ سولہ اونٹوں کو انجیکشن لگائے جانے کی وجہ سے مقابلے سے نکال دیا گیا۔

اونٹوں کے مقابلہ حسن کے منتظمیں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ اونٹوں کو دھوکے اور مصنوعی طریقے سے خوبصورت بنانے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتے ہیں اور دھوکہ بازی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کریں گے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘بوٹوکس’ کے انجیکشن اونٹوں کے ہونٹوں، ناک، جبڑے اور سر کے دیگر حصوں میں لگا کر پٹھوں کو نرم کیا جاتا ہے، ہونٹوں اور ناک میں کلوجین بھرا جاتا ہے اور پٹھوں کو موٹا کرنے کے لیے ہارمونز دیے جاتے ہیں۔

اونٹوں کے جسم کے مختلف حصوں پر ربڑ بینڈ لگا کر خون کا بھاؤ روک دیا جاتا ہے تاکہ کچھ حصے زیادہ بڑے ہو جائیں۔

شاہ عبدالعزیز اونٹوں کا میلہ دنیا میں سب سے بڑا اونٹوں کا میلہ ہے۔

اس میلے میں امریکہ، روس اور فرانس سمیت دنیا بھر سے 33 ہزار اونٹ شرکت کے لیے لائے جاتے ہیں جو یکم دسمبر سے شروع ہو کر 40 دن تک جاری رہتا ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے سو کلو میٹر کی دوری پر 32 مربع میل پر پھیلے ہوئے ایک میدان میں یہ مقابلہ منعقد ہوتا ہے جس میں روزآنہ ایک لاکھ سے زیادہ شائقین شرکت کرتے ہیں۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.