عید الفطر آج جمعہ21 اپریل کو ہونے کے باعث سعودی وزارتِ اسلامی امور کی جانب سے نمازِ جمعہ کے حکم کے بارے میں وضاحت جاری کی گئی تھی۔
سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور نے مساجد کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دی تھیں۔
وزارت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جمعے کے دن عید کی نماز میں شرکت کرنے والوں کو نمازِ جمعہ میں شرکت سے استثنیٰ ہے، وہ ظہر کی نماز ادا کر سکتے ہیں، البتہ دونوں نمازیں پڑھنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
سعودی وزارت کے مطابق جو لوگ عید کی نماز میں شریک نہیں ہوں گے وہ نمازِ جمعہ سے مستثنیٰ نہیں ہیں، امامِ مساجد ان لوگوں کے لیے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کا اہتمام لازمی کریں جو عید کی نماز میں حاضر نہیں ہوتے۔
سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو لوگ عید کی نماز میں شرکت کر چکے اور جمعے کی نماز میں شریک نہیں ہوتے تو ان پر لازم ہے کہ وہ نمازِ ظہر کی ادائیگی لازمی کریں۔
واضح رہے کہ چاند نظر آنے کے بعد سعودی عرب میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔
دنیا بھر کے سب سے بڑے نمازِ عیدالفطر کے اجتماعات سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم میں منعقد ہوئے۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید الفطر ادا کی۔
Comments are closed.