بدھ7؍شوال المکرم 1442ھ19؍مئی 2021ء

سعد رضوی گرفتار: کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سڑکیں بند

پاکستان تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کے باعث سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق کورنگی، حب ریور روڈ، اورنگی ٹاؤن میں راستے بند ہیں۔ شاہراہ فیصل اسٹار گیٹ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نیو کراچی، یونیورسٹی روڈ، ٹاور اور دیگر مقامات پر ٹریفک بحال کردی گئی۔

لاہور میں چونگی امر سدھو سے فیروزپور روڈ بند ہے۔ شاہکام چوک، یتیم خانہ چوک، خیابان چوک، داروغہ والا کے اطراف راستے بند ہیں۔ شاہدرہ موڑ، بیگم کوٹ، امامیہ کالونی پھاٹک، کالاخطائی روڈ بھی بند ہیں۔ نیو شاہدرہ چوک، کرول گھاٹی، رنگ روڈ، اسکیم موڑ کے اطراف روڈ بھی بند کردی گئی۔

اسلام آباد میں 5 مقامات بند ہیں جن میں ڈھوکڑی چوک، راول ڈیم چوک، بارہ کہو روڈ، راوت کراس اور ترنول شامل ہیں جب کہ اسلام آباد سے اسٹیڈیم روڈ جانے والا راستہ بھی کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں اٹھال چوک اور لیاقت باغ میں سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ملتان میں بہاولپور بائی پاس دوسرے روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ خانیوال میں لاہور موڑ پر ٹریفک کل دوپہر 3 بجے سے بند ہے جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

گزشتہ روز ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا  تھا۔ گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعد رضوی ایک مقدمے میں مطلوب تھے اور وہ لاہور میں ایک نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق کہ سعد رضوی کو 16 اپریل کا احتجاج روکنے کے لیے حراست میں لیا گیا کیونکہ حکومت کے ساتھ ان کے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق ٹی ایل پی نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا تھا ۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سعد رضوی کی گرفتاری پر ملک بھر میں تحریک لبیک کے کارکنوں میں شدید تشویش اور غصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال بھی دے دی ہے ۔

You might also like

Comments are closed.