رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سزا معطلی سے قیدی نمبر 804 صادق و امین نہیں بنا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی سیکریٹری اطلاعات آئی پی پی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قوم تین چیلنجز بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت سوشل میڈیا کے ذریعے قومی اداروں سے کھلواڑ کر رہی ہے، ایک جماعت کئی دن پہلے ہی یہ فیصلہ سنا چکی تھی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سزا معطلی سے قیدی نمبر 804 صادق و امین نہیں بنا۔ ہم انصاف کے تقاضے پورے ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
رہنما آئی پی پی نے کہا کہ مرغن کھانوں کی رسائی اٹک جیل کے دیگر قیدیوں تک بھی ممکن بنائی جائے۔ جیل میں دیسی کھانے اور مرغن غذائیں دی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قیدی نمبر 804 کے ساتھ چہیتوں والا سلوک ہو رہا ہے، استحکام پاکستان پارٹی ہر حال میں آئین کی بالادستی کو دیکھنا چاہتی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قیدی نمبر 804 کو جو سہولت کاری دستیاب ہے باقی قیدیوں کو بھی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح آئی پی پی کی پہلی اور اہم ترجیح ہے۔ بجلی کے بل تازیانے بن کر عوام پر برس رہے ہیں، دکھوں کے شکار عوام کو ہر صورت ریلیف ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام فنڈ بجلی کے بلوں میں ریلیف کے لیے استعمال کیے جائیں، آئی ایم ایف کے ساتھ از سر نو معاہدے کیے جائیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 95 فیصد عوام مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔
Comments are closed.