پاکستان اور سری لنکا ویمنز ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جارہے ون ڈے سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز تین صفر سے جیتی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستان میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچ کھیلے جارہے ہیں۔
ریکارڈز کا جائزہ لیا جائے تو ون ڈے فارمیٹ میں سری لنکا ویمنز کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے 30 میں سے 21 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ دسمبر 2005 میں مدمقابل آئیں تھیں، جہاں مہمان اسکواڈ ہی کامیاب ٹھہرا تھا۔
پاکستانی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں عمدہ کارکردگی کے بعد توجہ ون ڈے انٹرنیشنلز پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انعم امین نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثناء کی موجودگی سےبولنگ اٹیک مزید مضبوط ہوتا ہے۔
دوسری جانب مہمان کپتان چماری اتا پتو کا کہنا ہے کہ یہ ایک نیا فارمیٹ ہے اور وہ ایک نئے عزم کے ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے اب تک مثبت کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، ون ڈے سیریز کے لیے نئی منصوبہ بندی ہے، سیریز رینکنگ بہتر کرنے کیلئے بھی بہت اہم ہے۔
Comments are closed.