آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے پہلے مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو با آسانی 79 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا میں جاری ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں یو اے ای اور سری لنکا مدمقابل آئے۔
یو اے ای کے کپتان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
سری لنکن بلے بازوں نے اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے ابتدائی 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 92 رنز بنا لیے تھے۔
ایسے میں ورلڈکپ مقابلے میں ناتجربہ کار یو اے ای کے بولرز نے شاندار کم بینک کیا اور 15ویں اوور تک سری لنکا کو 117 پر پانچ وکٹوں سے محروم کردیا۔
یہاں یو اے ای کے کارتھک میاپن نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنائی۔ تاہم اس کے باوجود سری لنکا نے پاتھم نسانکا کے 60 گیندوں پر 74 رنز کی بدولت 8 وکٹوں پر 152 رنز بنالیے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کا کوئی بلے باز قابلِ ذکر بیٹنگ نہ کرسکا، اس کے 8 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوسکے تھے۔
اماراتی بیٹرز میں سے آیان خان، 19 اور جنید صدیق 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ چراغ سوری 14 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
سری لنکا کے ونندو ہسارنگا ڈی سلوا نے 8 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دشمانتھا چمیرا نے 15 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مہیش تھکشانا 2، پرامود مدوشن اور ڈسون شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا کی ایونٹ کے سپر 12 مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں۔
Comments are closed.