سری لنکا میں زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہونے پر سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے اور حکومت کے پاس ایندھن اور ادویات کی درآمدات کیلئے بھی ڈالرز نہ رہے۔ سری لنکن روپےکی قدر میں انتہائی کمی ہوگئی ہے اور آج ایک ڈالر 280 سری لنکن روپے سے زیادہ کا ہوگیا ہے۔
سری لنکا ملکی تاریخ کے بدترین مالیاتی بحران کا سامناکر رہا ہے اور وہاں ایک ڈالر 280 سری لنکن روپے سے زیادہ کا ہوگیا۔ 14 روز میں ڈالر کے مقابلے میں سری لنکن روپے کی قدر میں انتہائی کمی دیکھی گئی۔ اس صورتحال کے باعث سری لنکن حکومت کے پاس ایندھن، ادویات اور خوراک کی درآمدات کیلئے ڈالرز نہیں ہیں۔
ایندھن کی کمی کے سبب پٹرول پمپس پر طویل قطاریں ہیں۔ سری لنکن حکام نے پٹرول پمپس پر بدامنی سے بچنے کیلئے آج فوج کی تعیناتی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
گزشتہ روز مٹی کا تیل نہ ملنے پر شہریوں نے مصروف سڑک کو بلاک کر دیا تھا۔ ہفتے سے اب تک ایندھن خریدنے کیلئے قطاروں میں لگے 3 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
جب کہ پیپر درآمد نہ کرسکنے کے بعد ملک بھر میں اسکولوں کے امتحانات بھی منسوخ ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا کے صدر نے اقتصادی بحران پر بات چیت کیلئے کل تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلا لیا ہے۔
سر ی لنکا نے بگڑتی معاشی صورتحال کے حل کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ کی درخواست کی ہے۔ بھارت نے حال ہی میں سری لنکا کو ایک بلین ڈالر کی امداد دی ہے، جب کہ چین بھی سری لنکا کو 2.5 بلین ڈالر قرضہ دینے پر غور کر رہا ہے۔
Comments are closed.