بھارتی سابق آل راؤنڈر سریش رائنا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد آئی پی ایل میں خریدار نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہوکر کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 35 سالہ بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
سریش رائنا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اپنے ملک کیلئے کھیلنا اور ریاست اتر پردیش کی نمائندگی کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات رہی۔
انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے آج اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔
رائنا کا مزید کہنا تھا کہ میں بی سی سی آئی، یو پی سی اے کرکٹ، چنئی آئی پی ایل، سر راجیو شکلا سمیت اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے مجھے اپنی مکمل حمایت دی اور میری صلاحیتوں پر اعتماد کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سریش رائنا غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگز کے لیے دستیاب ہونگے۔
واضح رہے کہ سریش رائنا اور سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ایک ہی دن 15 اگست 2020 کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
سریش رائنا آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگس کی بیٹنگ لائن اپ میں اہم بیٹر تصور کیے جاتے تھے، وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے ٹاپ اسکورنگ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کی نیلامی میں 8 سے 10 ٹیموں کی تعداد بڑھنے کے باوجود سریش رائنا کو کوئی خریدار نہیں مل سکا۔
رائنا کی اپنی ٹیم چنئی سپر کنگز نے بھی ان کے لیے بولی نہیں لگائی۔
Comments are closed.